﻿زبُور.
136.
یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں۔ 
معبُودوں کے خُدا کا شُکر بجا لاؤ۔ 
خُداوندوں کے خُدا کا شُکر بجا لاؤ: 
اُن کا جو اکیلے بڑے بڑے عجِیب کام کرتے ہیں، 
جنہوں نے اَپنی حِکمت سے آسمان بنایا، 
جنہوں نے زمین کو پانی پر پھیلایا، 
جنہوں نے بڑے بڑے نیّر بنائے۔ 
یعنی دِن پر حُکومت کرنے کے لیٔے سُورج، 
اَور رات پر حُکومت کرنے کے لیٔے چاند اَور سِتارے بنائے؛ 
اُن کا جنہوں نے مِصر کے پہلوٹھوں کو مارا 
اَور مِصریوں کے درمیان سے اِسرائیل کو نکال لائے 
قوی ہاتھ اَور بُلند بازو سے؛ 
اُن کا جنہوں نے بحرِقُلزمؔ کو دو حِصّے کر دیا 
اَور اِسرائیل کو اُس کے بیچ سے پار لے گئے، 
خُدا نے مُلک مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ اَور اُس کے لشکر کو بحرِقُلزمؔ میں غرق کر دیا؛ 
اُن ہی نے اَپنی اُمّت کی بیابان میں رہبری کی، 
جنہوں نے بڑے بڑے بادشاہوں کو مارا، 
اَور زبردست بادشاہوں کو قتل کیا۔ 
یعنی امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کو 
اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کو۔ 
اَور اُن کے مُلک مِیراث میں دئیے، 
یعنی اَپنے خادِم اِسرائیل کو مِیراث میں دئیے؛ 
اُن کا جنہوں نے ہمیں ہماری پست حالی میں یاد کیا 
اَور ہمیں ہمارے دُشمنوں سے رِہائی بخشی، 
جو ہر مخلُوق کو روزی فراہم کرتے ہیں۔ 
آسمان کے خُدا کا شُکر بجا لاؤ 
